اسلام آباد: (10 فروری 2025) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے اپنی داخلہ پالیسی میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ تبدیلیاں 7 فروری 2025 کو کونسل کے فیصلے کے بعد کی گئی ہیں اور اس سے پہلے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن نمبر 682 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
داخلے کے لئے اہلیت:
اوورسیز پاکستانی امیدوار جو انٹرمیڈیٹ یا اے لیول میں کیمسٹری اور بیالوجی کے لازمی مضامین کے ساتھ تعلیم مکمل کر چکے ہیں، انہیں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں مخصوص مضامین پر داخلے کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔ دیگر مضامین اختیاری ہوں گے۔
انڈرگریجویٹ پروگرامز کے نصاب میں تبدیلیاں:
ادارے حاضری کا کم از کم معیار 75 فیصد سے بڑھا کر 90 فیصد تک مقرر کر سکتے ہیں تاکہ نصابی سرگرمیوں اور عملی تجربے کو یقینی بنایا جا سکے۔ سالانہ امتحانات میں کامیابی کے لئے درکار نمبروں کا تناسب 50 فیصد سے بڑھا کر 70 فیصد کر دیا گیا ہے۔
سیلف فنانس اور فارن کوٹہ سیٹوں کے لئے شرائط:
کوئی بھی امیدوار فارن کوٹہ سیٹوں کے لیے اس وقت تک اہل نہیں ہوگا جب تک کہ وہ مستقل غیر ملکی شہریت نہ رکھتا ہو یا بیرون ملک مستقل رہائش پذیر نہ ہو۔ اس کے علاوہ، امیدوار کو 12ویں جماعت یا اس کے مساوی تعلیم پاکستان سے باہر حاصل کرنی ہوگی اور اس وقت وہ کسی غیر ملکی ملک میں رہائش پذیر ہو۔
یہ تبدیلیاں پی ایم اینڈ ڈی سی کے اعتراف شدہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز و یونیورسٹیوں پر لاگو ہوں گی۔ مزید تفصیلات پی ایم اینڈ ڈی سی کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔