ساہیوال: انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس گالا 2025 کے فائنل مقابلے، اساتذہ کا جوش و خروش عروج پر

 ساہیوال: انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس گالا 2025 کے فائنل مقابلے، اساتذہ کا جوش و خروش عروج پر


ساہیوال (رپورٹر المجاہد نیوز)
ساہیوال ڈویژن میں انٹر ڈسٹرکٹ سپورٹس گالا 2025 کے سلسلے میں آج 27 اپریل بروز اتوار، ضلع اوکاڑا، پاکپتن اور ساہیوال کی ٹیموں کے مابین فائنل میچز منعقد ہوئے۔ مختلف کھیلوں میں ٹیموں نے بھرپور مقابلہ کیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی ضلع ساہیوال، محترم محمد ارشد ملک تھے، جن کی آمد پر میل اور فیمیل اساتذہ میں خوشی اور جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی۔ مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن کو سراہا اور اساتذہ کے لیے ایسے صحت مند مقابلوں کے انعقاد پر بھرپور مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ "وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز کی ہدایت پر اساتذہ کے لیے کھیلوں کا انعقاد خوش آئند ہے، جو نہ صرف جسمانی صحت کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ اساتذہ میں ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو بھی پروان چڑھاتا ہے۔"

تقریب میں جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ محمد ارشد ملک نے کامیاب ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مستقبل میں پنجاب لیول کے مقابلوں میں بھی بھرپور حصہ لینے کی تلقین کی۔

کنوینیر سپورٹس گالا ساہیوال ڈویژن، جناب تنویر احمد نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی نے اساتذہ کے حوصلے بلند کیے ہیں اور یہ دن سپورٹس گالا کی تاریخ میں یادگار رہے گا۔

تقریب میں مختلف کھیلوں کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، جبکہ اساتذہ نے اپنے جذبے اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے سپورٹس مین اسپرٹ کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ آخر میں دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post