استحکامِ پاکستان اور افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار تقریب کا انعقاد

 

ساہیوال: استحکامِ پاکستان اور افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شاندار تقریب کا انعقاد

ساہیوال (المجاہد نیوز)
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال کے زیرِ اہتمام آج بروز ہفتہ، 10 مئی 2025 کو گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری اسکول ساہیوال میں "استحکامِ پاکستان و افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی" کے عنوان سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ضلعی افسران، اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں نیاز احمد (ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ساہیوال)، تنویر احمد غزالی (سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال)، احمد ندیم خان (ڈی ای او سیکنڈری) اور ڈاکٹر ملک احسان الحق اعوان (ڈی ای او ایلیمنٹری) شامل تھے، جنہوں نے حاضرین سے خطاب کیا اور قوم میں اتحاد، یگانگت اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا۔

اپنے خطاب میں نیاز احمد صاحب نے کہا:

"اگر پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ افواجِ پاکستان ملک کے چپے چپے کی حفاظت کر رہی ہیں اور جانوں کے نذرانے دے رہی ہیں۔ پوری قوم ان کے ساتھ ہے اور ہماری دعائیں ان کے لیے ہیں۔ ان شاءاللہ، جذبہ ایمانی اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کی فتح یقینی ہے۔"

تنویر احمد غزالی نے اپنے خطاب میں کہا:

"یہ وقت افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا ہے۔ ہمیں اپنی یکجہتی سے دشمن کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ملک، ریاست، اور اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈے سے اجتناب کریں، اور اپنے اتحاد سے دشمنوں کو ناکام بنائیں۔"

اس موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا، جس کے دوران تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر افواج پاکستان اور وطنِ عزیز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر ملک کے استحکام، امن و سلامتی اور افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے عہد کیا کہ وہ کسی بھی سطح پر پاکستان کے مفاد، اتحاد اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

تقریب کے روحِ رواں تنویر احمد (صدر ڈسٹرکٹ ہیڈز ایسوسی ایشن ساہیوال) تھے، جنہوں نے انتظامات کو احسن انداز میں یقینی بنایا اور اس موقع کو قومی جذبے کے فروغ کا ذریعہ بنایا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post