Prize distribution ceremony of Inter-District Teachers Sports Gala 2025 held in Sahiwal in a grand manner

0


 ساہیوال (المجاہد تعلیمی خبریں) —انٹر ڈسٹرکٹ ٹیچرز سپورٹس گالا 2025 کی تقریب تقسیمِ انعامات نہایت شان و شوکت کے ساتھ گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری سکول ساہیوال میں 14 اکتوبر بروز منگل منعقد ہوئی۔ یہ تقریب گورنمنٹ آف پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ویژن کے تحت فرسٹ ٹیچر سپورٹس گالا 2025 کے سلسلے میں منعقد کی گئی جس کا مقصد اساتذہ میں مثبت، صحت مند اور ہم آہنگ معاشرتی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی محترم جناب محمد ارشد ملک (ایم پی اے، مسلم لیگ نون، ضلع ساہیوال) تھے۔ اس موقع پر مہمانانِ اعزاز میں ،محترم حسن محمد انجم (ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن ساہیوال ڈویژن)، محترم تنویر احمد غزالی (چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال)، محترم زاہد عالم (ایڈیشنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال ڈویژن)،محترم احسان فرید عابد (ایڈیشنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن ساہیوال ڈویژن)، محترم عبدالرزاق (ایڈیشنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن ساہیوال ڈویژن)، محترم احمد ندیم (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ساہیوال)، اور محترمہ میڈم وحید اختر (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ساہیوال) شامل تھے۔ یہ شاندار تقریب چوہدری تنویر احمد (کنوینر ٹیچر سپورٹس گالا و ڈائریکٹر سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال ڈویژن) کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سکول کو قومی پرچموں، رنگ برنگی جھنڈیوں اور بینرز سے سجایا گیا تھا۔ اساتذہ، طلبہ، کھلاڑیوں، محکمہ تعلیم کے افسران اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔اسٹیج سیکریٹری نے خوبصورت انداز میں پروگرام کی نظامت کی جبکہ نعت، قومی ترانہ اور استقبالیہ تقاریر سے تقریب کا آغاز ہوا۔ٹیچر سپورٹس گالا میں ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع — ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن — کے مرد و خواتین اساتذہ کی ٹیموں نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ کھیلوں کے مقابلے کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور ایتھلیٹکس پر مشتمل تھے۔کرکٹ: انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں میں اوکاڑہ ڈسٹرکٹ نے فائنل میں ساہیوال کو شکست دے کر وننگ پوزیشن حاصل کی۔ بیڈمنٹن: اوکاڑہ کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔رسہ کشی: ایک زبردست اور دلچسپ مقابلے میں بھی اوکاڑہ ڈسٹرکٹ نے برتری حاصل کی۔ ایتھلیٹکس: تینوں اضلاع کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا، بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات، کیش پرائز، سرٹیفکیٹس اور گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ خواتین اساتذہ کے نتائج: بیڈمنٹن: ضلع ساہیوال کی خواتین ٹیم نے اعلیٰ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔ رسہ کشی: ساہیوال کی خواتین نے زبردست ٹیم ورک دکھا کر مقابلہ جیت لیا۔ ٹیبل ٹینس: ضلع اوکاڑہ کی خواتین ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھا کر وننگ پوزیشن حاصل کی۔تقسیمِ انعامات: مہمانِ خصوصی محمد ارشد ملک نے جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں، سرٹیفکیٹس، گولڈ میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا: "اساتذہ ہمارے معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ جو قومیں اپنے کھیل کے میدان آباد رکھتی ہیں، ان کے اسپتال ویران رہتے ہیں۔ کھیل انسان کو جسمانی و ذہنی طور پر مضبوط بناتے ہیں اور نظم و ضبط سکھاتے ہیں۔"انہوں نے حکومت پنجاب کی اس کاوش کو سراہا کہ اساتذہ کو تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ذریعے بھی تازگی اور توانائی فراہم کی جا رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر چوہدری تنویر احمد (ڈائریکٹر سکینڈری ایجوکیشن و کنوینر ٹیچر سپورٹس گالا) نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام مہمانانِ گرامی، ضلعی ایجوکیشن افسران، ٹیموں، میڈیا نمائندگان اور انتظامی عملے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ:"پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیچر سپورٹس گالا کا انعقاد ایک سنگِ میل ہے جس نے اساتذہ میں نیا جوش، ولولہ اور یکجہتی پیدا کی ہے۔"انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی توجہ سے اساتذہ میں ایک مثبت تبدیلی آئی ہے۔ اس تقریب نے یہ پیغام دیا کہ تعلیمی عملہ نہ صرف تدریسی میدان میں بلکہ کھیلوں میں بھی کسی سے کم نہیں۔انٹر ڈسٹرکٹ ٹیچرز سپورٹس گالا 2025 کا کامیاب انعقاد اس بات کی علامت ہے کہ پنجاب حکومت تعلیمی عملے کی فلاح و بہبود اور ان کی جسمانی و ذہنی صحت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔اساتذہ کا کھیلوں میں شرکت کرنا ان کے لیے محض تفریح نہیں بلکہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور صحت مندانہ رویوں کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ضلع اوکاڑہ کی لگاتار کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہاں کھیلوں کے فروغ کے لیے مضبوط حکمتِ عملی اور تربیتی سہولیات موجود ہیں۔اگر حکومتِ پنجاب اس روایت کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھے تو آنے والے برسوں میں ٹیچر سپورٹس گالا نہ صرف صوبائی بلکہ قومی سطح پر ایک تاریخی تعلیمی و کھیلوں کا ایونٹ بن جائے گا۔

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)