اساتذہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر 10 کروڑ ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری
رحیم یار خان (3 فروری 2025): پنجاب ٹیچرز یونین (رجسٹرڈ) کے ضلعی صدر حافظ فقیر احمد رضوی نے ایک پوڈکاسٹ میں اساتذہ کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک شخص کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 29 دسمبر 2024 کو ہونے والے ایک پوڈکاسٹ میں پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ساتھ گفتگو کے دوران مذکورہ شخص نے اساتذہ کو "گدھے، گھوڑے اور خراب انڈے" جیسے الفاظ سے مخاطب کیا، جس سے تعلیمی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس بیان کو اساتذہ کی تضحیک اور عوام کو ان کے خلاف اکسانے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔
حافظ فقیر احمد رضوی کی جانب سے جاری کیے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شخص نے غیر ذمہ دارانہ اور غیر پیشہ ورانہ زبان استعمال کر کے اساتذہ کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ نوٹس میں ہرجانے کے طور پر 10 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ اگر تین دن کے اندر یہ رقم ادا نہ کی گئی تو اس کے خلاف دیوانی، فوجداری اور ہتک عزت کی قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔
یہ قانونی نوٹس معروف وکیل جام نذیر احمد تنواری کے ذریعے ارسال کیا گیا ہے، اور معاملے کی مزید پیش رفت پر تعلیمی برادری اور قانونی ماہرین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔