بنوں: گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 1 بنوں میں چوتھی جماعت کے طالب علم کی افسوسناک موت کے بعد ضلعی تعلیمی افسر نے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، 9 فروری 2025 بروز اتوار، ہیڈ ٹیچر ناصر خان کی جانب سے مبینہ جسمانی تشدد کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق ہو گیا۔
ضلعی تعلیمی افسر (مرد) بنوں، شاہدہ پروین کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں استاد ناصر خان کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو 10 فروری 2025 کو صبح 11 بجے تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
کمیٹی کے اراکین میں پرنسپل حیدر زمان (جی ایچ ایس ایس کمپری ہینسو بنوں)، جاوید خان (سبجیکٹ اسپیشلسٹ جی ایچ ایس ایس دلاسا خان مندوخیل بنوں)، اور ریاض خان (ایس ڈی ای او بنوں) شامل ہیں۔
یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر بنوں، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، اور ایم ایس ڈی ایچ کیو / زنان اسپتال کو بھی بھیجا گیا ہے، تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
یہ واقعہ والدین اور تعلیمی حلقوں میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے، اور لوگ سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔