شیخوپورہ: حساس امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ
شیخوپورہ: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن) شیخوپورہ نے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی امتحانات 2025 کے دوران سخت اور حساس امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق شیخوپورہ کے سیکنڈری سکولز میں 29 امتحانی مراکز کو حساس اور سخت قرار دیا گیا ہے۔ ان مراکز میں 174 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، جن میں ہر امتحانی مرکز میں 6 کیمرے شامل ہوں گے۔
یہ اقدام امتحانات کے دوران قانون نافذ کرنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تمام سربراہانِ ادارہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 6 دن کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروا کر رپورٹ متعلقہ دفتر میں جمع کروائیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی غیر قانونی صورتحال سے بچا جا سکے۔