ساہیوال: قومی ویکسینیشن مہم کا افتتاح، ڈپٹی کمشنر کا خطاب

0

 



ساہیوال (المجاہد نیوز) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے قومی ویکسینیشن مہم حکومتِ پنجاب کی ایک تاریخی اور انقلابی صحت عامہ کی کوشش ہے۔ اس مہم کے تحت 9 تا 14 سال کی بچیوں کو ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) سے بچاؤ کی ویکسین محفوظ اور بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف آئندہ نسلوں کو ایک مہلک مرض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ خواتین کی مجموعی صحت کے اشاریے بھی بہتر ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ بات گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سرکی بازار غلہ منڈی ساہیوال میں مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی تنویر احمد غزالی، محکمہ تعلیم کے افسران، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز، طالبات اور والدین کی کثیر تعداد شریک تھی۔

ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ سرویکل کینسر دنیا بھر میں خواتین کی صحت کے بڑے مسائل میں شامل ہے لیکن اس سے بروقت بچاؤ ممکن ہے۔ حکومت پنجاب نے ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے بین الاقوامی معیار کی ویکسین فراہم کر کے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔

انہوں نے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ آگاہی کو عام کریں، منفی افواہوں پر کان نہ دھریں اور ویکسین لگوانے کے عمل کو کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے والدین اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مہم کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

مزید برآں، عوام کو کسی بھی ابہام یا شکایت کی صورت میں حکومتِ پنجاب کی ہیلپ لائن 1166 اور 1033 پر رابطہ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)