خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی پوسٹنگ، قابل تبادلہ ٹیچرز کے لیے 50 نمبر لازمی
پشاور (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی پوسٹنگ اور تبادلوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ تعلیم نے سکول بینچ مارکنگ ٹیسٹ میں کم از کم 50 نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق ان اساتذہ پر ہوگا جو اپنی موجودہ تعیناتی والے سکول میں پانچ سال مکمل کر چکے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق گریڈ 16 کے امیدواروں کو 700 روپے اور گریڈ 17 کے امیدواروں کو 900 روپے ٹیسٹ فیس ادا کرنا ہوگی۔ یہ عمل 120 دنوں میں مکمل ہوگا، اور درخواستیں صرف آن لائن قبول کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق سکول کی کارکردگی کے مطابق تبادلوں کو میرٹ پر یقینی بنایا جائے گا۔ درخواستیں ارسال کرنے کا آغاز 30 جون سے ہوگا، جبکہ ٹیسٹ کا انعقاد 19 جولائی 2024 کو متوقع ہے۔
اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے اس نئے نظام کو شفافیت اور تعلیمی معیار میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔