خانیوال: انٹرمیڈیٹ داخلہ فیس کی اضافی وصولی پر جونیئر کلرک معطل
خانیوال (نمائندہ خصوصی) چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی خانیوال نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول 105/15-L وانجاری کے جونیئر کلرک، غلام رسول کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی طلبہ سے انٹرمیڈیٹ داخلہ فیس کی اضافی وصولی کی شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق غلام رسول کو معطل کرتے ہوئے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک متعلقہ دفتر میں رپورٹ کریں۔ معطلی کے دوران وہ قواعد کے مطابق معطلی الاؤنس کے حقدار ہوں گے۔
مزید برآں، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن)، غلام مرتضیٰ شاکر کو معاملے کی تحقیقات کر کے ایک روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی خانیوال نے اس اقدام کو شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ طلبہ کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔